تیمرگرہ دیر پائن: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والے انتخابات میں چند وڈیرے جاگیردار اور سرمایہ دار غلاموں کا تعین کرتے ہیں۔قوم ووٹنگ ڈے کو آزمودہ پارٹیوں کے لیے یوم احتساب بنا دے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان خاندانوں کی حکمرانی یا موروثی سیاست کے لیے نہیں بنا۔ باپ، بیٹا، بھائی، سمدھی، بیٹی اکٹھے بیٹھیں تو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا نام دے دیا جاتا ہے۔ قوم ووٹنگ ڈے کو آزمودہ پارٹیوں کے لیے یوم احتساب بنا دے، انشاء اللہ 8 فروری جمہوریت کے حق میں انقلاب کا دن ہوگا، ووٹرز اسی روز موروثی سیاست، کرپشن اور آزمودہ پارٹیوں کے تسلط سے نجات حاصل کریں گے، عوام کلین، گرین، خوشحال اسلامی فلاحی پاکستان کے لیے ترازو پر مہر لگائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمرگرہ دیر پائن میں انتخابی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع اعزازالملک افکاری اور دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجودتھے۔
امیر جماعت نے کہا کہ ملک قائداعظم کی قیادت میں جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا، لاکھوں اسلامیان برصغیر نے اس کے لیے قربانیاں دیں۔ پاکستان بنانے کا مقصد یہاں اسلامی نظام کا نفاذ تھا، 76برس ہو گئے یہ خواب شرمندۂ تعبیر نہ ہو سکا، 35سال ڈکٹیٹروں اور بقیہ عرصہ نام نہاد سول جمہوری حکومتوں نے ضائع کر دیے، اس عرصہ میں ملک کی معیشت تباہ ہوئی، سودی نظام جاری رہا، تعلیم، صحت کے شعبوں کا حلیہ بگاڑ دیا گیا، اداروں کو ناکام بنایا گیا، حکمرانوں کے نام پنڈورا پیپرز اور پاناما لیکس میں آئے، توشہ خانہ تک کو لوٹا گیا، حکمران طبقات نے قرضے لے کر ہڑپ کیے، اپنی مراعات اور پروٹوکول جاری رکھا اور قرضوں کی ادائیگی کے لیے غریب عوام کا خون نچوڑا گیا۔
ان کاکہنا تھا کہ آج ملک میں انصاف نہیں، طاقتور قانون کا مذاق اڑاتا ہے، پونے تین کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، اکثریت صاف پانی تک سے محروم ہیں، حکمرانوں نے قوم کو آئی ایم ایف اور استعمار کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنائیں، یہ امریکا کے وفادار ہیں، انھوں نے واشنگٹن کے خوف سے فلسطینیوں کے حق میں ایک لفظ تک نہیں کہا۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ الیکشن میں 60روز باقی ہیں، جماعت اسلامی کے کارکنان اسلامی فلاحی پاکستان کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں، بھرپور کمپیئن جاری رکھی جائے، جے آئی یوتھ آج سے ملک بھر میں الیکشن مہم کا آغاز کر رہی ہے، اس دوران جماعت اسلامی کے ایک کروڑ نئے ووٹرز بنائے جائیں گے، پولنگ اسٹیشن کی سطح پر دھاندلی کو روکنے کے لیے جے آئی یوتھ کا بنیادی یونٹ قائم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ آنے والا الیکشن انصاف و قانون کی بالادستی، غربت کے خاتمے، مہنگائی، بے روزگاری سے جان چھڑانے کے لیے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، قوم اپنی تقدیر کا فیصلہ کرے گی۔