ابوظبی: یو اے ای کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے فلسطینیوں کے لیے 400 ٹن غذائی امداد روانہ کردی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق متحدہ عرب ا مارات نے شمالی غزہ میں 400 ٹن وزنی غذائی امداد روانہ کردی ہے، جو اسرائیلی فوج کے حملوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے ایک لاکھ 20 ہزار فلسطینیوں کے لیے کافی ہے۔
اہل غزہ کے لیے امداد بھجوانے کے حوالے سے اماراتی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم الہاشمی کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے غزہ کی محصور پٹی خصوصاً شمالی علاقے میں موجود فلسطینیوں کے لیے غذائی امداد کی محفوظ فراہمی مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ فلسطینی ہمارے بھائی ہیں اور ہم ان مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کے لیے اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ امارات کی جانب سے غذائی امداد امریکن نیئر ایسٹ رفیوجی ایڈ (انیرا) کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ارسال کی گئی ہے۔12 ٹرکوں پر مشتمل اس قافلے میں 264 ٹن سے زائد امدادی سامان، بشمول خوراک، پانی اور کھجور شامل ہیں۔
