ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی نماز جنازہ دارالحکومت تہران میں ادا کی گئی۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے نماز جنازہ پڑھائی۔
صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین عبداللہیان اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد شریک تھے جن میں متعدد ممالک کے رہنما بھی موجود تھے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق نمازِ جنازہ میں 40 سے زائد اعلیٰ سطح کے غیرملکی وفود نے شرکت کی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی کو ان کے آبائی شہر مشہد میں امام علی رضا کے روضے کے احاطے میں سپردخاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 2 روز قبل ہیلی کاپٹر حادثے میں وزیر خارجہ اور دیگر سمیت جاں بحق ہو گئے تھے۔