کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر و رکن قومی اسمبلی مصطفیٰ کمال نے عدلیہ مخالف بیان پر توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے بیرسٹر فروغ نسیم کے توسط سے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں معافی سے متعلق بیان حلفی جمع کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ میں عدلیہ سے متعلق اپنے ہر بیان باالخصوص 16 مئی کی پریس کانفرنس پر غیر مشروط معافی کا طلب گار ہوں۔
اپنے بیان حلفی میں مصطفٰی کمال نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کا دل سے احترام کرتا ہوں، عدلیہ اور ججزکے اختیارات اور ساکھ بدنام کرنے کا تصوربھی نہیں کرسکتا، معزز عدالت سے معافی کی درخواست اور خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مصطفیٰ کمال اور فیصل واوڈا کو عدلیہ مخالف بیان دینے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا ۔
