اسلام آباد:ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بندش کے خلاف اپوزیشن اور حکومت کے اراکین اسمبلی یک زبان ہو گئے،حکومت پر شدید تنقید وزیر بجلی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں مختلف اراکین اسمبلی نے نقطہ اعتراض پر بجلی کی بندش کا معاملہ اٹھایا اور حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔
نور عالم خان نے کہا کہ ملک میں بجلی سرے سے نہیں ہے اور عوام پریشان ہیں، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، پشاور میں چھ ماہ سے لوڈ شیڈنگ کا عذاب چل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وارسک ڈیم ہمارے علاقے میں ہے اور ہم حکومت کو ایک روپے یونٹ بجلی بنا کر دیتے ہیں جبکہ حکومت وہی بجلی ہمیں واپس 72 روپے یونٹ فروخت کر رہی ہے، بجلی چوری کا بہانہ بنایا جاتا ہے جبکہ محکمے کوئی کام نہیں کر رہے کنڈے اتارنا ہمارا نہیں محکموں کا کام ہے۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہم کراچی والوں پر اپ ڈیڑھ ہزار ایف آئی آر کاٹ دیں لیکن ہمیں کم از کم 12 گھنٹے بجلی دے دیں، وفاقی وزیر شکایت کر رہے ہیں حالانکہ ان کو یہ مسئلہ خود حل کرنا چاہیے کیونکہ وزیر کے پاس ڈنڈا ہوتا ہے۔
