واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) دنیا میں جمہوریت کے حوالے سے غیر سرکاری ادارے پیو ریسرچ سینٹر نے حالیہ سروے میں انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر میں ووٹرز کا انتخابات پر سے اعتماد متزلزل ہونے لگا ہے کیونکہ ان کی توقعات پوری نہیں ہو رہی ہیں۔ 2024 ء کو دنیا بھر میں انتخابات کا سال کہا گیا ہے کیونکہ 80 ممالک میں عام انتخابات ہونے ہیں۔ نصف کے قریب سال گزر چکا ہے، کئی ممالک میں الیکشن ہوکر نئی حکومتوں کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا جب کہ کئی ممالک میں انتخابات باقی ہیں،جن میں امریکی الیکشن سب سے اہم ہیں۔ امریکی خبر رساں ادارے اے پی نیوز نے اس حوالے سے ہونے والے سروے رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ووٹر عدم اطمینان کا شکار ہیں ۔ پیو ریسرچ سینٹر نے گزشتہ سال فروری سے مئی کے دوران 30ہزار 861 لوگوں کو سروے میں شامل کیا جس میں 74 فیصد کے خیال میں سیاستدانوں کو شہریوں کی رائے کی کوئی پروا نہیں ۔ 42 فیصد نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت ان کے نقطہ نظر کی نمائندگی نہیں کرتی۔ پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے سروے کے مطابق جمہوریت دنیا بھر میں حکمرانی کا ایک پسندیدہ نعرہ بنی ہوئی ہے، لیکن دنیا کے بیشتر حصوں میں انتخابات کے موقع پر اس کی عملی تصویر معدوم ہو رہی ہے۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ 8 ممالک میں 2017 ء کے بعد سے ایک ایسے مضبوط رہنما کی حمایت میں اضافہ ہوا جو عدالت یا قانون سازی کی مداخلت کے بغیر فیصلے کر سکے۔ ان ممالک میں برازیل، جرمنی، میکسیکو، کینیا اور ارجنٹائن شامل تھے۔