ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

عیدالاضحیٰ پر فول پروف سیکورٹی کی ہدایت

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) عید الاضحی کے موقع پر حیدرآباد رینج میں فول پروف سیکورٹی انتظامات، حیدرآباد رینج میں 8168 پولیس افسران و اہلکاران عید ڈیوٹی پر متعین کیے گئے ہیں۔ قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے حکومت سندھ کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرانے اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے رینج کے تمام ایس ایس پیز کو احکامات جاری کر دیے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس طارق رزاق دھاریجو حیدرآباد رینج کی ہدایت پر عید قرباں کے موقع پر حیدرآباد رینج کے 9 اضلاع کی 1382 مساجد پر 2130، 205 امام بارگاہوں پر 368، 307 عید گاہوں پر 1472، نماز عید کے 49 کھلی جگہوں پر ہونے والے اجتماعات پر 255، 33 تفریحی مقامات پر 294، 30 مویشی منڈیوں پر 254، کھالوں کی 34 کلیکشن پوائنٹس 79، 57 مصروف بازاروں / شاپنگ سینٹر پر 476، 332 پولیس پکٹس پر 806، 216 پولیس موبائلز پر 1067، 146 پولیس موٹر سائیکلز پر 318 پولیس افسران و اہلکاران اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسٹینڈ بائے پوزیشن میں بھی 649 کی نفری موجود ہوگی۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے مویشی منڈی آنے جانے والے تمام راستوں، ذیلی راستوں سمیت اردگرد کے علاقوں میں پولیس پکٹنگ اسنیپ چیکنگ اور پیٹرولنگ میں اضافے اور مویشی منڈیوں، خریداروں اور بیوپاریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے قومی شاہراہوں پر مسافروں کے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے پولیس گشت میں اضافے و مختلف مقامات پر عارضی چوکیاں قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے پیٹرولنگ، پکٹنگ، اسنیپ چیکنگ، ایڈوانس انٹلیجنس کلیکشن کو مزید مضبوط سے مضبوط تر بنانے اور شر پسند عناصر پر نگاہ رکھنے کے لیے سادہ لباس میں ملبوس پولیس تعیناتی، پیٹرولنگ روٹس میں نماز عید کے اجتماعات، مساجد امام بارگاہوں، اجتماعی قربان گاہوں کو بخوبی کور کرنے پر زور دیا۔ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے مزید احکامات جاری کیے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالوں کو اکٹھا کرنے ان کی ترسیل و تقسیم کے حوالے سے حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل کیا جائے۔ انہوں نے مساجد، امام بارگاہوں، عید گاہوں اور دیگر کھلے مقامات سمیت اجتماعی قربانی کے مقامات پر بھی فول پروف انتظامات کیے جائیں تاکہ عوام کی جان و مال کی سلامتی کی مجموعی اُمور کو مزید ٹھوس و مربوط بنایا جائے۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے رینج کے تمام ایس ایس پیز کو احکامات جاری کیے کہ قربانی کی کھالوں کی منظور شدہ کلیکشن پوائنٹس اور اجتماعی قربان گاہوں کی سیکورٹی اور کھالوں کی ترسیل کے عمل کو محفوظ بنایا جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے عید الاضحی کے موقع پر عید بازاروں مصروف مارکیٹس، بینکوں، تفریحی مقامات اور شاپنگ مالز سمیت اہم مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے اور کالعدم تنظیموں، مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات جاری کیے۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے عید قرباں کے موقع پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کے لیے احکامات بھی جاری کیے، ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے رینج کے تمام ایس ایس پیز کو ہدایت جاری کی کہ پولیس عوام کی جان و مال عزت و آبرو کے تحفظ جیسے بنیادی فریض کو انتہائی جانفشانی، ایمانداری، محنت، لگن اور پیشہ ورانہ تقاضوں کے عین مطابق سر انجام دے اور شہریوں کو پر امن اور پر سکون ماحول کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج کی ہدایت پر رینج آفس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جبکہ حیدرآباد رینج کے تمام اضلاع میں بھی کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے رینج کے تمام ایس ایس پیز کو ہدایت کی کہ ون وہیلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ جان لیوا ون ویلنگ کے نقصانات اور مضمرات سے شہریوں اور ون وہیلنگ کرنے والوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں