راولپنڈی:صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن غزہ مہاجرین کے ساتھ عید منانے مصر کے دارالحکومت قاہرہ روانہ ہوگئے۔جہاں وہ اہل پاکستان کی جانب سے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے عطیہ کی گئی قربانیوں کا گوشت تقسیم کریں گے اور یتیم بچوں اور غزہ کے متاثرہ خاندانوں میں تحائف تقسیم کریں گے۔
روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ غزہ کے فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن غزہ، مصر اور پاکستان کے اندرقربانی کااہتمام کررہی ہے۔ پہلی ترجیح غزہ میں میسر جانور ہیں۔ الخدمت کو جتنے بھی جانور غزہ میں میسر ہیں ان کی قربانی کا اہتمام کیاجائے گا، اس کے بعد ترجیح قاہرہ مصرمیں قربانی کا اہتمام ہے۔
قاہرہ میں الخدمت کی ٹیم فلسطینی مہاجرین میں گوشت کی تقسیم کے ساتھ ساتھ پیکنگ کے بعدٹرکوں کے ذریعے غزہ پہنچائے گی۔
غزہ اور مصر کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن نے کراچی میں جدید سلاٹرہاؤس کاانتخاب کیاہے جہاں عوام کی جانب سے فلسطین کے لیے عطیہ کیے گئے جانوروں کی قربانی کے بعد گوشت کوپراسس کرکے ٹن پیک میں بندکرکے فضائی اور بحری راستوں کے ذریعے غزہ کے مسلمانوں تک پہنچایاجائے گا۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ وہ عید کی نماز غزہ کے مہاجرین کے ساتھ ادا کریں گے اور قربانی کے گوشت اور عید کے تحائف کی تقسیم کے ساتھ ساتھ اسپتالوں میں زخمیوں کی تیمار داری بھی کریں گے۔۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے لاکھوں مظلوم بہن بھائیوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے پاکستانی عوام کی فلسطینی مسلمانوں کے لیے عطیہ کی گئی قربانیوں کا گوشت رفاہ بارڈراور کرم ابوسالم بارڈرکے ذریعے غزہ پہنچے گا۔
واضح رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے اِس سے پہلے عید الفطر بھی غزہ کے مہاجرین کے ساتھ قاہرہ مصر میں منائی تھی۔
