باڈہ (نمائندہ جسارت) سانگھڑ میں بے رحم ظالم وڈیرے کی جانب سے بے زباں جانور کی ٹانگ کاٹنے کے خلاف باڈہ کا شعور سڑکوں پر نکل آیا۔ نوجوانوں نے احتجاجی مظاہرہ کرکے ظالم وڈیرے کے خلاف فلک شگاف نعرے بازی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سانگھڑ میں ظالم وڈیرے کی جانب سے کھیت میں گھسے اونٹ کی ٹانگ کاٹنے والے عمل کے خلاف باڈہ مکین نوجوان میر مرتضیٰ گوپانگ، کامران میرانی، بلال جونیجو، وارث کھوکھر، آکاش جھتیال، کامریڈ محمد علی خشک اور وقار سندھی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھے جن پر “ظالم وڈیرے کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دو” کے نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں باڈہ شہر کی سیاسی سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقعے پر رہنماؤں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کے ظالم وڈیرے نے معمولی مسئلے پر اپنی من مانی کرتے ہوئے بے زباں اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی جس عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں جانوروں کو معذوری سے بچانے کے لئے مصنوعی عضویات لگائے جاتے ہیں مگر ہم جہالت کے اندھیروں میں کھوئے ہوئے ہیں اپنی انا اور ضد میں انسان تو انسان بے زباں جانوروں کو بھی تکلیف پہنچانے سے باز نہیں آتے۔ انہوں نے آء جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کے ظالم وڈیرے کو فوری طور پر گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے تاکہ کل کوئی بھی انسان بے زباں جانوروں کے ساتھ ایسا ظلم نہ کرے۔