تہران: ایران میں 5 جولائی کو صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہونے جا رہا ہے کیونکہ جمعہ کو تاریخی کم ٹرن آؤٹ کے باوجود کوئی بھی امیدوار 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہاہے ۔
وزارت داخلہ کے ترجمان محسن اسلمی نے بتایا کہ “صدارتی انتخابات میں کوئی بھی امیدوار برتری حاصل نہیں کر سکا، اس لیے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے پہلے اور دوسرے امیدواروں کو دوسرے مرحلے کے لیے گارڈین کونسل کے پاس بھیج دیا جائے گا۔”
صدارتی انتخابات، جو اصل میں 2025 تک ہونے والے تھے، گزشتہ ماہ صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کے بعد جلدی کروائے گئے ہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق، 24 ملین سے زائد ووٹوں کی گنتی کے ساتھ اعتدال پسند قانون ساز مسعود پیزشکیان 10 ملین سے زائد ووٹوں کے ساتھ سبقت لے گئے ہیں جبکہ سفارت کار سعید جلیلی 9.4 ملین سے زائد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
دوسرے مرحلے میں پیزشکیان اورسعید جلیلی ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے ۔ پیزشکیان 69 سالہ دل کے سرجن ہیں جو 2008 سے پارلیمنٹ میں شمالی شہر تبریز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور وہ ایران کے آخری اصلاح پسند صدر محمد خاتمی کے دور میں وزیر صحت کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔ خاتمی نے موجودہ انتخابات میں پیزشکیان کی حمایت کی ہے۔
دوسری جانب،سعید جلیلی ایک سابق جوہری سفارت کار ہیں اور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے دفتر سمیت ملک میں کئی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ وہ اس وقت سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں خامنہ ای کے نمائندوں میں شامل ہیں۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق ، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے تقریباً 3,383,340 ووٹ حاصل کیے جبکہ مصطفیٰ پورمحمدی کو 206,397 ووٹ ملے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 61 ملین اہل ووٹرز میں سے تقریباً 24,500,000 ووٹرز نے ووٹ ڈالے، جو تقریباً 40 فیصد کی شرح بنتی ہے اور یہ ملک کی تاریخ میں سب سے کم ٹرن آؤٹ ہے۔
