کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہا ہے کہ قبضہ میئر مرتضیٰ وہاب مون سون بارشوں کے پیش نظر فوری طور پر نالوں کی صفائی و ستھرائی کے نظام کو تیز کریں، شہر میں اس وقت اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے،نالوں کی صفائی و ستھرائی کے لیے 670ملین روپے کا بجٹ رکھا گیا جسے کم کر کے 260ملین روپے کردیا اور المیہ یہ ہے کہ نالوں کی صفائی کا کام مئی کے مہینے میں مکمل کرنا تھا جسے کے ایم سی نے ابھی تک نہیں کیا۔
ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین اپنی مدد آپ کے نالوں کی صفائی و ستھرائی کے انتظامات کررہے ہیں،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا منصوبہ ورلڈ بنک اور ایشین ڈویلپمنٹ اورسندھ گورنمنٹ کے تعاون سے 2019سے شروع ہوکر 2031تک مکمل ہونا تھا جس کے لیے 1.6بلین ڈالر روپے مختص کیے گئے تھے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کامنصوبہ 4مراحل میں مکمل ہونا تھا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے کے لیے 100ملین ڈالر مختص کیے گئے تھے آج 5سال گزرگئے لیکن ابھی تک منصوبہ نظر ہی نہیں آرہا،منصوبہ کے تحت پانی کی بوسیدہ لائنوں کو تبدیل کرنا تھا جو پانچ سال میں مکمل نہیں کیا گیا،کے الیکٹرک شہریوں کے لیے قاتل الیکٹرک بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہمارا واضح اور دوٹوک مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک لا ئسنس منسوخ کر کے اس کا فارنزک آڈٹ کیا جائے، شہریوں کو نیشنل گرڈ سے سستی بجلی مہیا کی جائے اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔
