ملتان:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ظلم کا نظام اب ختم ہو جانا چاہئے، 12 جولائی کو اسلام آباد میں تاریخی دھرنا دیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بجلی کا شدید بحران ہے، بجلی کا بل بھرنے کے لئے عوام اپنے زیور بیچ رہے ہیں، حکمران عوام پر ترس کھانے کے لئے تیار نہیں، جنوبی پنجاب کے لئے الگ سیکرٹریٹ کی بات ہوئی، مگر جنوبی پنجاب کو حق نہیں دیا گیا، زراعت کا شعبہ بدترین حالات کا شکار ہے، دبئی لیکس کی فائل دبا دی گئی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کاکہنا تھا کہ کوئی ان سے منی ٹریل لینے کی بات نہیں کرتا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم کو حساب چاہئے، موجودہ حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے، چیف جسٹس جوڈیشل کمیشن بنائیں تاکہ یہاں حقیقی حکومت بنے، حالات خراب ہیں، حکمران بھاگ نہیں سکیں گے، ہر چیز پر ٹیکس لگا دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاگیردار اور وڈیرے ٹیکس نہیں دیتے، اشرافیہ کو تمام بنیادی سہولیات میسر ہیں، قومی اسمبلی اور سینیٹ کی مراعات میں اضافہ ہو گیا ہے، اشرافیہ کی مراعات کو کم ہونا چاہئے، ایکسپورٹ پر ٹیکس لگا دیا، صنعتیں کیا کریں گی، انڈسٹری کا بیڑا غرق ہو گیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ہمارا دھرنا ہماری ذات کیلئے نہیں ہے، جماعت اسلامی چاہتی ہے غریب عوام کو ریلیف ملے، کسی سیاسی جماعت کے ایجنڈے میں عوام شامل نہیں، بجلی کا شدید بحران اور لوڈ شیڈنگ سے لوگ بلبلا رہے ہیں۔
