اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے عوام پر بجلی بم گرادیا، کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن پاور ڈویژن نے جاری کیا۔ گھریلوصارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7.12روپے تک اضافہ کردیا گیا۔ ماہانہ200 یونٹ تک والے گھریلو صارفین کو صرف 3 ماہ کے لیے اس اضافے سے مستثنا قرار دیا گیا ہے۔باقی گھریلوصارفین کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھا دیا گیا جس کے نتیجے میں فی یونٹ بنیادی ٹیرف48 روپے84 پیسے تک پہنچ گیا۔ ماہانہ201 سے300 یونٹ تک کا ٹیرف7.12 روپے اضافے سے34.26 روپے ہوگیا۔ 301 سے400 یونٹ کا ٹیرف7.02 روپے اضافے سے39.15 روپے اور 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 48.84 روپے ہوگیا۔ 401 سے500 یونٹ کا ٹیرف6.12روپے اضافے سے41.36 روپے اور 501 سے600 یونٹ کا ٹیرف6.12 روپے اضافے سے42.78 روپے جبکہ601 سے700 یونٹ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے43.92 روپے ہوگیا۔اگر بجلی کے بلز میں ٹیکسز کو ملایا جائے تو سلیب کے حساب سے فی یونٹ ٹیرف کی قیمت اس سے کہیں زیادہ بنتی ہے۔ماہانہ50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ 3.95 روپے اور 51 سے100 یونٹ تک کے لیے فی یونٹ 7.74 روپے برقرار رہے گا۔وفاقی حکومت نے بجلی کے بنیادی ٹیرف کے اضافے کے بعد ایک اور بم گراتے ہوئے گھریلو صارفین پر ایک ہزار روپے تک فکسڈ چارجز لگا دیے جبکہ دیگر صارفین کے لیے 184 فیصد اضافہ ہوگا۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو کے علاوہ دیگر صارفین کے لیے فکسڈ چارجز میں 184 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے اور یہ فکسڈ چارجز جولائی 2024 سے نافذ ہوں گے۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ ماہانہ 301 سے 400 یونٹ استعمال کرنے پر گھریلو صارفین کے لیے200 روپے فکسڈ چارجز، ماہانہ401 سے 500 یونٹ بجلی استعمال پر 400 روپے، ماہانہ501 سے 600 یونٹ استعمال پر600 روپے اور ماہانہ601 سے 700 یونٹ استعمال پر فکسڈ چارجز 800 روپے لاگو ہوں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ بجلی کے استعمال پر ایک ہزار روپے فکسڈ چارجز عاید ہوں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صنعتی صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز 184 فیصد بڑھا دیے گیے ہیں، بجلی کے کمرشل صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 150فیصد اور زرعی ٹیوب ویلز صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز میں100 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔مذکورہ اضافے کے بعد صنعتی صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز440 روپے سے بڑھا کر1250 روپے، کمرشل صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 500 سے بڑھ کر1250روپے، زرعی ٹیوب ویلز صارفین کے لیے فکسڈ چارجز200 روپے سے بڑھ کر400 روپے ہوگئے ہیں۔