امریکی ریاست پنسلوانیہ کے شہر بٹلر میں انتخابی مہم کے اجتماع سے خطاب کے دوران سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہونے والا شہری ہیرو بن گیا۔
50 سالہ فائر فائٹر کوے کمپریٹور نے جیسے ہی فائر کی آواز سُنی، اپنی بیوی اور بیوی کو دھکیل کر نیچے کردیا۔ اس دوران وہ خود گولیوں کی زد میں آگیا۔ اپنے اس عمل کے ذریعے اُس نے فیملی کو بچالیا۔ اس پر پورے امریکا میں اُسے سراہا جارہا ہے۔
پنسلوانیہ کے گورنر جوش شپیرو نے بھی کورے کمپریٹور کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ریاست کی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم کو نصف سرنگوں رکھنے کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ کمپریٹور فیملی کی امداد کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔
پنسلوانیہ کے گورنر نے کمپریٹور فیملی کے لیے عطیات جمع کرنے کی غرض سے ایک خصوصی سوشل میڈیا پیج بھی لانچ کیا تھا۔ اس پیج کے ذریعے کمپریٹور فیملی کے لیے اب تک 6 لاکھ 50 ہزار ڈالر سے زیادہ رقم جمع ہوچکی ہے۔
کورے کمپریٹور کی بیٹی ایلیزن نے اپنے والد کی ہمت کو سراہتے ہوئے انتہائی جذبات سوشل میڈیا پوسٹ لگائی تھی۔ اس پوسٹ میں اُس نے اپنے والد کو ریئل ٹائم سپر ہیرو قرار دیتے ہوئے قوم سے ان کے حق میں دعا کی اپیل کی تھی۔ ایلیزن نے یہ بھی لکھا تھا اُس کے والد نے اپنی جان دے کر فیملی کو بچایا جو ایک آئیڈیل عمل تھا۔ اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوئی بھی لڑکی اپنے باپ کو جیسا دیکھنا چاہتی ہے میرے والد بالکل ویسے ہی ثابت ہوئے۔ اُن پر جتنا بھی فخر کیا جائے، کم ہے۔
ری پبلکن صدارتی امیدوار سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ری پبلکن کارکن تھامس میتھیو کروکس کے حملے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والے 57 سالہ ڈیوڈ ڈچ اور 74 سالہ جیمز کوپنہیور کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
