کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹونی ہیمنگ کو2 سال کے معاہدے کے تحت نیا ہیڈ کیوریٹر مقرر کردیا۔ ویسٹرن آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ٹونی ہیمنگ اپنی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے کل لاہور پہنچیں گے۔ہیمنگ کی فوری ذمہ داریوں میں سے ایک بنگلا دیش اور انگلینڈ کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 5 ٹیسٹ میچوں کے لیے پچز تیار کرنا ہے۔ بنگلا دیش کے خلاف اگست ستمبر میں 2 ٹیسٹ جبکہ انگلینڈ کے خلاف اکتوبر میں 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ہیمنگ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی پچز کی تیاریوں کی بھی نگرانی کریں گے جس کی میزبانی پاکستان آئندہ سال 19 فروری سے 9 مارچ تک کرے گا۔ہیمنگ تقریبا 4 دہائیوں کے تجربے کے ساتھ ایک انتہائی قابل احترام کیوریٹر ہیں۔