ڈھاکا:پاکستانی ہائی کمیشن نے ہم وطن طلبہ کو بنگلادیش میں جاری احتجاج سے دُور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بنگلادیش میں کوٹا سسٹم کے خلاف طلبہ کا احتجاج جاری ہے جو پرتشدد مظاہروں کی شکل میں تبدیل ہو چکا ہے، اس دوران ملک بھر میں احتجاجی مظاہرین اور بنگلادیشی وزیراعظم حسینہ واجد کے حامی طلبہ ونگ کے مابین تصادم اور جھڑپیں جاری ہیں، جس میں کئی طلبہ کی ہلاکتوں اور درجنوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بنگلادیش میں جاری شدید احتجاج کے پیش نظر ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پاکستانی طلبہ کو حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ہر ممکن طور پر احتیاط برتنے اور احتجاج سے دُور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ہائی کمیشن نے کیمپس میں رہنے والوں کو اپنے ہاسٹل کے کمروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستانی ہائی کمشنر سید معروف سے رابطہ کیا اور بنگلا دیش میں موجود پاکستانیوں کی خیریت معلوم کی۔ پاکستانی سفیر نے سیکورٹی کی صورتحال اور بنگلا دیش میں پاکستانیوں کی خیریت کو یقینی بنانے کے لیے ہائی کمیشن کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سفارت خانے نے پریشانی میں گھرے افراد کی سہولت کے لیے ایک ہیلپ لائن کھولی ہے۔
وزیر خارجہ نے ہائی کمشنر کو بنگلا دیش میں مقیم پاکستانیوں بالخصوص ڈھاکا کے کیمپس میں مقیم طلبہ کی فلاح و بہبود کا خیال رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں۔
