برطانوی پولیس نے بھارتی نژاد برطانوی باشندوں پر مشتمل گینگ کو دھرلیا۔ منشیات، منی لانڈرنگ اور سرکاری گرانٹس دھوکے سے بٹورنے کے الزامات کے تحت اس گینگ کے خلاف دو سال سے نیشنل کرائم ایجنسی تحقیقات کر رہی تھی۔
یہ گینگ لاکھوں پاؤنڈ کی منی لانڈرنگ میں ملوث تھا۔ اس نے منشیات اسمگل کرکے برطانیہ میں پھیلائیں اور غلط بیانی کے ذریعے سرکاری گرانٹ کی شکل میں 15 لاکھ پاؤنڈ بٹورے۔ نیشنل کرائم ایجنسی نے 12 لاکھ پاؤنڈ اور ساڑھے تین لاکھ پاؤنڈ کے غیر نقد اثاثے بھی ضبط کیے ہیں۔ ضبط کیے جانے والے اثاثوں میں ہیروں جڑی رولیکس دستی گھڑی بھی شامل ہے جس کی مالیت 2 لاکھ پاؤنڈ ہے۔
ایک مجرم کو 13 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ یہ گینگ رِکِندر ہرے، نیلین بالاراجہ اور ہتیش وڈولیا پر مشتمل تھا۔
تین دن قبل کو نیلین بالاراجہ کو 13 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ رِکِندر ہرے کو ایک سال کی معطل سزا کے علاوہ 400 گھنٹے کی کمیونٹی سروس کی سزا سنائی گئی۔
نیشنل کرائم ایجنسی نے بتایا کہ ہتیش وڈولیا اس گینگ کا کیشیر تھا۔ وہ الزامات کا عدالت میں سامنا کرنے سے پہلے ہی انتقال کرگیا۔
نیشنل کرائم ایجنسی کو اس گینگ کا پتا جنوری 2022 میں چلا تھا۔ پولیس نے جب رنگے ہاتھوں پکڑنے کی کوشش کی تو نیلین بالاراجہ نے بھاگنے کی کوشش میں کار پولیس افسر پر چڑھادی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ ہرے کو 20 جولائی 2022 کو گرفتار کیا گیا۔
شمالی لندن میں نیلین بالا راجہ کے مکان کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے خطیر رقم اور مختلف منشیات برآمد ہوئیں۔
نگرانی سے معلوم ہوا کہ یہ یہ دھوکے باز گینگ دھاتی کباڑ کے ایک تاجر کے ذریعے کالے دھن کو سفید میں تبدیل کرتے تھے۔ یہ گینگ چند کوریئرز کی خدمات بھی حاصل کرتا رہا تھا۔ کباڑ کے جعلی سَودوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی۔
