واشنگٹن /نیویارک /غزہ (آن لائن /مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی امریکا آمد کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطین کے حامی یہودی مظاہرین کیپٹل ہل کی عمارت میں داخل ہوئے‘جس پر 200 سے زاید مظاہرین کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ نیتن یاہو امریکا کے دورے پر پہنچے ہیں، جن کی آمد کا سن کر مختلف تنظیموں اور فلسطین کے حامی یہودیوں نے مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ نیتن یاہو کی امریکا آمد کے خلاف فلسطین کے حامی یہودی کیپٹل ہل کی عمارت میں گھس گئے، مظاہرین نے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی روکنے اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ کینن ہاؤس آفس کی عمارت کے باہرمظاہرہ جیوش وائس فار پیس نامی یہودی تنظیم نے کیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے قانون سازوں سے خطاب کرنے سے ایک روز قبل کانگریس کی عمارت میں یہودی تنظیم نے احتجاج کیا۔امریکی کیپٹل پولیس نے کہا کہ انہوں نے گرفتاریاں شروع ہونے سے قبل فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگانے والے مظاہرین کو خبردار کیا تھا کہ عمارت میں مظاہرہ کرنا غیر قانونی ہے اور اس پر ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن اسرائیلی وزیراعظم سے (آج) جمعرات کو ملاقات کریں گے جبکہ سابق صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم کی ملاقات (کل) جمعہ کو ہوگی۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے غزہ اور اطراف کے علاقوں میں پولیو وائرس پھیلنے کے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں صفائی کی ابتر صورتحال ہے جس کے باعث عالمی ادارہ صحت نے غزہ اور اطراف کے علاقوں میں پولیو وائرس پھیلنے کے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کا غزہ کے علاقے خان یونس میں آپریشن جاری ہے جس دوران 89 فلسطینی شہید اور لاکھوں بے گھر فلسطینی دوبارہ دربدر ہوگئے۔ ادھر رفح میں فلسطینی مزاحمتی گروپ کے اسرائیلی ٹینکوں پر راکٹ حملے کے دوران متعدد ٹینک تباہ ہوگئے۔مزیدبرآں مغربی کنارے کے شہر طولکرم کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل نے ڈرون حملہ کیا جس پر دوران فلسطینی مزاحمتی گروپ کے کمانڈر سمیت 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہونے والی حاملہ خاتون کے بچے کو معجزانہ طور پر بچالیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 19 جولائی کو وسطی غزہ کے علاقے النصیرات میں اولا الکرد کے گھر پر فضائی حملہ ہوا، دھماکے کی شدت سے 9 ماہ کی حاملہ اولا الکرد کئی منزل سے نیچے جاگریں۔ ریسکیو سروسز کی جانب سے اولا کو العودہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ خود تو جانبر نہ ہوسکیں تاہم ڈاکٹر ان کے بچے کو بچانے میں کامیاب رہے۔ بعد ازاں نوزائیدہ کو دیر البلاح کے الاقصیٰ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی نگہداشت کی جارہی ہے، بچے کا نام مالک یاسین رکھا گیا ہے۔الاقصیٰ اسپتال کے ڈاکٹر خلیل الدکران کا غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خدا کا شکر ہے اس بچے کو بچالیا گیا اور اب اس کی حالت بہتر ہے۔