اسلام آباد( آن لائن)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پیکا ایکٹ کے تحت پی ٹی آئی گرفتار رہنما رئوف حسن کے۱ جسمانی ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مزید 3 روز کے لیے انہیں ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ ایف آئی اے نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سے گرفتار رئوف حسن کو عدالت میں پیش کیا،ایف آئی اے کی جانب سے رئوف حسن و دیگر کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے رئوف حسن سمیت شریک 9 ملزمان کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا،محفوظ فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ محمد شبیر بھٹی نے سنایا۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ ابھی تک ریکور نہیں ہوئے، جی میل لاگ ان کرنا ہے، پیڈ لوگ وٹس ایپ گروپ چلا رہے ہیں، بیرون ملک سے لوگ شامل ہیں، ملزمان کے موبائل سے فیک اکاؤنٹس ملے ہیں، رؤف حسن میڈیا ٹیم کو ہیڈ کرتے ہیں، ان کی جانب سے ٹیم کو احکامات دیے جاتے ہیں۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدلیہ اور انتظامیہ کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے، جبران الیاس بیرون ملک سے کام کر رہے ہیں، ہمارے پاس ایک ہی ٹیکنیکل ایکسپرٹ ہے چنانچہ ہمیں مزید وقت درکار ہے، ترمیم کے بعد پیکا ایکٹ کے تحت کیسز میں 30 روز کا ریمانڈ لیا جاسکتا ہے۔