
لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں مسجد کے باہر سفید فام انتہاپسند گروہ اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور مشتعل مظاہرین نے مسجد کے باہر کھڑی پولیس وین کو آگ لگا دی۔ پولیس کی جانب سے مشتعل مظاہرین کو مسجد کی طرف پیش قدمی سے روکنے کی کوشش کی گئی جس پر انتہا پسند عناصر کی جانب سے مسجد اور پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ علاقے میں کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کے خصوصی دستے طلب کرلیے گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ساؤتھ پورٹ میں مسجد کے باہر پر تشدد مظاہروں سے متعلق برطانوی وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے کہا کہ ایک درد ناک واقعے کو پرتشدد اور غنڈہ گرد عناصر کی جانب سے ہائی جیک کرنے کی کوشش غمزدہ عوام کی توہین کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنے پڑے گا۔ یاد رہے کہ ساؤتھ پورٹ میں چاقو زنی کی واردات میں 3بچیاں ہلاک ہوگئی تھیں۔ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبر گردش کررہی تھی کہ حملہ آور ایک شامی پناہ گزین ہے جس کے بعد دائیں بازو کے انتہا پسند گروہوں نے احتجاج کا اعلان کیا تھا۔