دوحا (مانیٹرنگ ڈیسک) اسماعیل ہنیہ کی ایران میں شہادت کے بعد حماس کے نئے سربراہ کے انتخاب کیلیے مرکزی رہنما مشاورت کیلیے ایک ساتھ بیٹھ گئے۔ عالمی خبر رساں کے ادارے کے مطابق حماس کے نئے سربراہ کیلیے متعدد نام سامنے آ رہے ہیں تاہم ان میں خالد مشعل اور خلیل الحیا کا پلڑا بھاری ہے۔ حماس کے کئی مرکزی رہنما خالد مشعل کے حق میں ہیں تاہم مرکزی رہنما یحییٰ السنوار اور دیگر نے خلیل الحیا کو حماس کے سیاسی ونگ کا سربراہ نامزد کرنے کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ خلیل الحیا کا ایران اور شام سے مضبوط تعلق ہونا بھی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک یہ تجویز بھی زیر غور ہے کہ حماس کی سربراہی عارضی طور پر خالد مشعل یا خلیل الحیا میں سے کسی ایک کو سونپ دی جائے اور بعد میں طویل مشاورت اور حالات کو دیکھتے ہوئے مستقل سربراہ کا فیصلہ کیا جائے۔ تاحال مرکزی رہنماؤں کے درمیان مشاورت جاری ہے اور یہ عمل کب مکمل ہوگا اس حوالے سے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی گئی ہے۔