میرپورخاص(نمائندہ جسارت) میرپور خاص اور گردونواح میں رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری، نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا، کیچڑ اور پسلن کے سبب خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے،بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل،میگا پروجیکٹ نالے ابل پڑے۔تفصیلات کے مطابق میرپورخاص شہر اور گردونواح میں گزشتہ رات سے تیز اور ہلکی بارش نے معمولات زندگی کو شدید متاثر کر کے رکھ دیا میرپورخاص شہر میں اتوار کی شب سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث میرواہ روڈ، سول اسپتال روڈ، ریلوے روڈ، ایم اے جناح روڈ، ہاشم نگر، ستار نگر، سیٹ لائٹ ٹاؤن، غریب آباد، نٹ پاڑہ، پوسٹ آفس چوک، ریلوے انڈر پاس،بخاری ٹاون سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہو گیا ہے جبکہ پولیس کمپلیکس کے قریب انڈر پاس پل مکمل طور پر ڈوب گیا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی ہے اطلاعات کے مطابق بخاری ٹاون میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے مکین ازیت کا شکار بننے رہے جبکہ بارش کے دوران کیچڑ اور پسلن سے ایک خاتون فاطمہ سمیت شہریار،زین اور عارف نامی افراد زخمی ہوگئے جبکہ بارش کے دوران ٹنکی موڑ کے قریب کچرا گھر سے پولیس کو ایک نشہ کرنے والے شخص کی نعش بھی ملی ہے ۔پولیس کے مطابق نشہ کرنے والا شخص زیادہ نشہ اور بارش میں ٹھنڈ لگنے سے ہلاک ہوا ہے دوسری جانب دیہی علاقوں میں اب تک ہونے والی بارشوں کو فصلوں کے لیے فائدہ مند قرار دیا جا رہا ہے۔