محراب پور(جسارت نیوز)دریائے سندھ میں ڈوب کر نوجوان جاں بحق ہوگیا، نعش کی تلاش جاری، مٹھیانی پولیس تھانہ کی حدود کچے کے علاقے میں گاؤں اکبر ملاح کا رہائشی نوجوان عامر ملاح گرمی کی شدت کے باعث دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، مقامی افراد غوطہ خوروں کیساتھ نعش کی تلاش کر رہے ہیں، نوجوان کے دریا میں ڈوبنے کی اطلاع سے گھر میں کہرام مچ گیا۔دوسری جانب بھریا روڈ پولیس تھانہ کی حدود میں گاؤں اگٹایو ڈوئنرو سے دو روز سے لاپتا چرواہے 13 سالہ تنویر ڈوئنرو ولد فضل ڈوئنرو کی نعش نصرت کینال نہر سے ملی ہے، پولیس کے مطابق نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ہے نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، دوسری طرف نوشہرو فیروز کے گاؤں انب خاص خیلی میں وبائی امراض نے ڈیرا جمایا ہوا ہے آج ڈائریا (اسہال) سے ایک خاتون مسمات س جاں بحق ہوگئی ہے جبکہ مذکورہ بیماری میں مبتلا خاتون کی بیٹی کو شدید بیماری کے باعث سول اسپتال نوشہرو فیروز داخل کرایا گیا۔یاد رہے کہ چند روزقبل مذکورہ بیماری سے دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور نوشہرو فیروز کے کوآرڈینیٹر محمد سلیم مغل نے نوشہرو فیروز میں وبائی امراض کا نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اور محکمہ صحت نے تیزی سے پھیلنے والے وبائی امراض کیلئے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں کیے ہیں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نوٹس لے۔