لاہور( اسپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح طور پر ان حالیہ میڈیا رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آئندہ سال ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تاریخیں دوبارہ شیڈول کی جا سکتی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے “یہ مایوس کن ہے کہ کچھ میڈیا آؤٹ لیٹس نے کل کی میڈیا بات چیت سے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے تبصروں کو غلط طریقے سے پیش کیا ہے اور سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تاریخوں میں ممکنہ تبدیلی کے بارے میں گمراہ کن طور پر حوالہ دیا ہے۔ اس طرح غیر ضروری سنسنی خیزی کو جنم دیا گیا ہے۔”میڈیا ٹاک کے دوران، جو پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے، پی سی بی کے چیئرمین نے واضح طور پر کہا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے لیے تیاری کو یقینی بناتے ہوئے، تینوں اسٹیڈیمز کی دوبارہ تعمیر اور دوبارہ ڈیزائن کو شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جبکہ کچھ ڈومیسٹک میچوں کو بلاتعطل تعمیراتی کام کی سہولت کے لیے منتقل کرنے کی ضرورت پڑسکتی ہے لیکن یہ کسی بھی طرح سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق نہیں ہے جو کہ آٹھ ٹیموں کے بین الاقوامی ایونٹ کے طور پر پی سی بی کے لیے ایک ترجیح بنی ہوئی ہے۔