محراب پور (جسارت نیوز) امن ترقی پارٹی کے چیئرمین محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں اور ٹیکسوں کی بھرمار نے تجارت، صنعت اور عوام سب کو سڑک پر لاکھڑا کیا، عوام اب طوفانی بارشوں میں بہہ رہے ہیں، پورا ملک طوفانی بارشوں میں دھنسا ہوا ہے، ایک طرف قدرتی آفات، دوسری جانب حکمرانوں کا ظلم، عوام کہاں جائے؟ بلوں نے تجارت، صنعت، روزگار اور عوام کی زندگی تک چھین لی ہے، اس ظالمانہ نظام کے خلاف قوم ایک ہے، خیبر سے کراچی تک بارشوں کا پانی سڑکوں پر ہے، غریبوں کی بستیاں بہہ گئیں، لیکن حکمرانوں کی عیاشیوں، عہدوں کی دوڑ اور اقتدار کے جھگڑے ختم نہیں ہوئے، امن و امان کے مسائل اور معاشی زوال ہر شخص کے لیے پریشان کن ہے، امن ترقی پارٹی نے ان تمام مسائل سے نکلنے کے لیے حل اور عملی منصوبہ دیا ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز ایک جگہ جمع ہو کر فیصلہ کریں، جس میں معاشی اور سیاسی استحکام کے لیے واضح لائحہ عمل ہو، عوامی اختیار اور انصاف کے لیے انتخابی نظام لایا جائے، اداروں کو عوام کا خدمت گار بنایا جائے، قانون کی نظر میں کوئی مقدس گائے نہ ہو، احتساب اور محاسبہ بے لاگ اور بلاامتیاز کیا جائے، یہی انصاف امن و ترقی لا سکتا ہے۔