پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ اگر وفاقی حکومت کے مطابق دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں تو حکومت کو افغانستان سے بات چیت کرنے میں کیا رکاوٹ ہے؟
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاقی حکومت نہ تو خود افغانستان کو انگیج کر رہی ہے اور نہ ہی خیبر پختونخوا حکومت کو بات کرنے دے رہی ہے،ہمارے لوگ دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں، اس لیے ہمیں افغانستان سے بات چیت کا موقع دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تمام شدت پسند تنظیموں کے ساتھ مذاکرات ضروری ہیں تاکہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے۔
انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے تعلقات کی خرابی کے باعث دہشت گردی کا مسئلہ مزید بگڑ گیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے وزیر علی امین گنڈا پور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کر رہے ہیں اور اس جنگ کو ختم کرنا وفاق کی ذمہ داری ہے۔