لندن: برطانیہ میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد نے لندن کی سڑکوں پر احتجاج کیا اور پارلیمنٹ اسکوائر تک ریلی نکالی۔
ریلی کے شرکاء اسرائیل کے خلاف نعرے لگاتے رہے اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کرتے رہے کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت بند کی جائے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کرائی جائے۔ ریلی کے موقع پر پولیس نے فلسطین ایکشن تنظیم کے کارکنوں سمیت کئی مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں۔ اب تک مزید 20 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ قحط اور بھوک کی شدت سے 24 گھنٹوں کے دوران 6 افراد دم توڑ گئے۔
عالمی تنظیم “سیو دی چلڈرن” کے مطابق گزشتہ 23 ماہ میں اسرائیلی جارحیت کے دوران اوسطاً ہر گھنٹے ایک فلسطینی بچہ شہید ہوا۔ غزہ حکومت کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 20 ہزار بچے جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں ایک ہزار بچے ایک سال سے کم عمر کے تھے۔
یونیسف نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں تباہی اور بچوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ ادارے کے مطابق اسرائیل کی جانب سے خان یونس کے قریب المواسی کیمپ میں جبری بے دخلی کے منصوبے سے تقریباً 10 لاکھ افراد متاثر ہوسکتے ہیں جن میں نصف بچے شامل ہیں۔