اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سمیت 12 اراکین اسمبلی کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق ایڈیشنل سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہےکہ منحرف اراکین پر پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی، فارورڈ بلاک بنانے اور پارٹی کے خلاف ووٹنگ کے الزامات ہیں، ان الزامات کی بنیاد پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سمیت متعدد اراکین اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پیجز پر بھی ان اراکین کی تصاویر جاری کر دی گئی ہیں جبکہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اب وہ پارٹی کا نام، جھنڈا اور عہدہ استعمال نہیں کر سکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جن اراکین کی رکنیت ختم کی گئی ہے، ان میں وزیراعلیٰ جی بی حاجی گلبر خان، شمس الحق لون، راجہ اعظم، عبدالحمید، امجد زیدی، حاجی شاہ بیگ، ثریا زمان، راجہ ناصر مقپون، مشتاق احمد، دلشاد بانو اور فضل رحیم شامل ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے سابق گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا ہے۔
خیال رہےکہ پی ٹی آئی کے اس فیصلے کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی میں سیاسی صورتحال میں مزید ہلچل متوقع ہے کیونکہ وزیراعلیٰ سمیت کئی اہم اراکین کی رکنیت ختم ہونا خطے میں نئی سیاسی صف بندی کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔