راولپنڈی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں پر تشدد کیس میں گرفتار کیے گئے دو ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران پولیس نے گرفتار ملزمان راجہ سرفراز اور چوہدری نوید کو عدالت میں پیش کیا۔ سماعت کے دوران جج نے دونوں کو شناخت پریڈ کے لیے جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کیا۔
یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا جب اڈیالہ جیل کے باہر پاکستان تحریک انصاف کی رہنما علیمہ خان میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں، اسی دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے صحافیوں پر حملہ کر دیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
تشدد کے اس واقعے کے بعد صحافی کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں علیمہ خان، نعیم پنجوتھہ اور 40 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں تشدد اور دیگر سنگین الزامات شامل ہیں۔