ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

نریندر مودی نے کرکٹ کو نفرت اور سیاست کا میدان بناکر رکھ دیا،  خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کرکٹ کو بھی اپنی نفرت اور سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مودی نے برصغیر میں اسپورٹس مین شپ اور کرکٹ کلچر کو تباہ کر کے امن کے امکانات کو دفن کر دیا تاکہ اپنی سیاسی دکان چمکا سکیں۔

خواجہ آصف نے واضح الفاظ میں کہا کہ عزت اس طرح بحال نہیں ہوتی، کیونکہ پاک بھارت جنگ کا ریکارڈ 6-0 کی صورت میں دنیا کے سامنے ہے جو تاریخ میں پتھر پر کندہ ہو چکا ہے۔ پاکستان مسلسل تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے لیکن دنیا اب مودی کا اصل چہرہ دیکھ چکی ہے، جو نہ صرف بھارت کے اندر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی رسوائی کا باعث بن رہا ہے۔

انہوں نے بھارتی ٹیم کے متعصبانہ رویے کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ 2025 کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے کھیل کی روح کو مجروح کیا۔ پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہاتھ ملانے سے انکار، فائنل میچ سے قبل کپتانوں کی روایتی تصویر نہ بنوانا اور ٹرافی کی تقسیم کے وقت پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی نہ لینا اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی بورڈ کے اشاروں پر کھیل کو بھی سیاست میں بدل دیا گیا۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کی اختتامی تقریب میں بھارتی ٹیم کے اس رویے کی وجہ سے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کا ماحول تناؤ کا شکار ہوگیا اور تقریب تاخیر کا شکار ہوئی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ واقعات ثابت کرتے ہیں کہ مودی حکومت کھیل کے میدان میں بھی نفرت اور تقسیم کی پالیسی پر گامزن ہے، جس کا سب سے زیادہ نقصان خود بھارت کی ساکھ کو پہنچ رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں