کراچی : پیپلز پارٹی کی مرکزی اطلاعات سیکرٹری شازیہ مری نے وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تنقید پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ لیڈر دھمکیاں نہیں دیتے وہ خدمت اور کارکردگی دکھاتے ہیں، عوام کے لیے کام کرتے ہیں اور ان کو ریلیف دینا ہماری ترجیح ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تنقید کے باوجود صبر کا راستہ اختیار کیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو کی توجہ ہمیشہ عوام پر رہی ہے اور رہے گی۔ باتوں سے نہیں، عملی کام سے قیادت نظر آتی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری ریلیف بی آئی ایس پی کے ذریعے دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ2022 کے سیلاب متاثرین کو بی آئی ایس پی کے ذریعے فی خاندان 25 ہزار روپے دیے گئے تھے۔ 2025 ہی میں وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان پیکیج کے لیے بھی بی آئی ایس پی کا ڈیٹا استعمال کیا۔
ہم کسانوں اور سندھ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد پر توجہ جاری رکھیں گے۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب کو یاد رکھنا چاہیے کہ لیڈر خدمت کرتے ہیں، دھمکیاں نہیں دیتے۔ قدرتی آفت کے وقت انا اور غرور کی نہیں بلکہ صرف عوام کی مدد کی اہمیت ہے، ہم عوام کے لیے کام کرتے ہیں اور ان کو ریلیف دینا ہماری ترجیح ہے۔