لندن:۔ برطانیہ کی ہائیکورٹ میں بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر نے یوٹیوبر عادل راجہ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا، جس کے مطابق عادل راجہ کو ہرجانے اورعدالتی اخراجات کی مد میں 13 کروڑ روپے ادا کرنا ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ عادل راجہ نے بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر کو بدنام کیا اور اپنی یوٹیوب ویڈیوز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر کے خلاف جھوٹے، بے بنیاد اور کردار کش الزامات لگائے جن سے ان کی شہرت کو نقصان پہنچا۔
فیصلے میں جج نے قرار دیا کہ عادل راجا کے الزامات بدنیتی پر مبنی تھے اور ان کے بیانات کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا۔عادل راجہ کو بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر کو 50ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 2 کروڑ روپے) ہرجانہ ادا کرنا ہوں گے۔
جج نے عادل راجہ کو بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر کو عدالتی اخرجات کے تقریباً 3 لاکھ پاﺅنڈ بھی دینے کا حکم دیا، عدالتی اخراجات اور دیگر واجبات سمیت مجموعی ادائیگی کا تخمینہ تقریباً 13 کروڑ روپے بنتا ہے۔ جبکہ عادل راجہ کو اپنے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمزپر فیصلے کا خلاصہ شائع کرنے اور جھوٹے الزامات کو نہ دہرانے کا حکم بھی دیا ہے۔
یاد رہے کہ بریگیڈیئرریٹائرڈ راشد نصیر نے 9 میڈیا آئٹمز کو ہتک آمیز قرار دے کر لندن ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔جج رچرڈ اسپئیرمین نے تسلیم کیا کہ ان میڈیا آئٹمز سے راشد نصیر کی شہرت کو نقصان پہنچا اور عادل راجہ اپنے الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہے۔