ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سوڈان میں مسجد اور اسپتال پر فضائی بمباری، 20 شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی

خرطوم: سوڈان کے صوبہ شمالی دارفور کے محصور شہر الفاشر میں ایک بار پھر خونی حملوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جہاں نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے حملوں میں ایک مسجد اور اسپتال پر بمباری کے نتیجے میں کم از کم 20 شہری جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق نشانہ بننے والا اسپتال سعودی عرب کے تعاون سے چلایا جا رہا تھا اور یہ علاقے کا آخری فعال طبی مرکز تھا جہاں **ہزار سے زائد مریض زیر علاج تھے۔ اقوامِ متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ زچہ و بچہ وارڈ کو بھی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس سے درجنوں خواتین، مریض اور طبی عملہ ہلاک یا زخمی ہوا۔

اسی دوران مسجد پر ہونے والے حملے میں بھی ہولناک جانی نقصان ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق مسجد میں بے گھر خاندانوں نے پناہ لے رکھی تھی جب گولہ باری کی زد میں آکر 10 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔

اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور (OCHA) اور ادارہ برائے تولیدی صحت نے ان حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک ہفتے کے دوران اسپتال پر تیسرا حملہ ہے، جس سے علاقے کی صحت کی سہولیات مکمل طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں۔ ترجمان اقوامِ متحدہ اسٹیفن دوجارک کے مطابق، الفاشر کے لوگ محصور، خوفزدہ اور امداد سے محروم ہیں، اور اب ان کا آخری اسپتال بھی خطرے میں ہے۔

واضح رہے کہ الفاشر گزشتہ ایک سال سے RSF کے محاصرے میں ہے۔ نیم فوجی تنظیم کے ڈرون اور توپ خانے کے حملے مسلسل جاری ہیں، جنہوں نے شہر کی زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔

سوڈان میں یہ خانہ جنگی اپریل 2023 میں اُس وقت شروع ہوئی جب ملکی فوج اور نیم فوجی دستے نے اقتدار پر قبضے کے لیے ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی شروع کی۔ اس خونریز تنازع نے ملک کو دنیا کے بدترین انسانی بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق 3 کروڑ سے زائد سوڈانی امداد کے محتاج ہیں، جن میں سے 1 کروڑ 20 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ 40لاکھ افراد پڑوسی ممالک چاڈ، وسطی افریقی جمہوریہ اور جنوبی سوڈان کی جانب ہجرت کر چکے ہیں۔

علاوہ ازیں، 7 اور 8 اکتوبر کو زغاوہ قبیلے کے اندرونی تصادم کے باعث 250 سے زائد افراد مزید بے گھر ہوگئے، جس سے الفاشر اور اردگرد کے علاقوں میں انسانی المیہ مزید گہرا ہو گیا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں