سہارنپور: افغانستان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے بھارت کے دورے کے دوران معروف دینی ادارے دارالعلوم دیوبند کا دورہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیر خان متقی کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، تاہم ان کے استقبال کے دوران طلبا اور مقامی افراد کی بڑی تعداد جمع ہونے سے بدنظمی پیدا ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق افغان وزیر خارجہ کے حفاظتی حصار کی خلاف ورزی پر پولیس کو ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کرنا پڑا۔
امیر خان متقی نے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی، جمعیت علمائے ہند (الف) کے صدر مولانا ارشد مدنی اور دیگر علمائے کرام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مفتی ابوالقاسم نعمانی نے افغان وزیر خارجہ کو حدیث کی سند بھی عطا کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دارالعلوم دیوبند میں اس وقت 15 افغان طلبا زیرِ تعلیم ہیں۔