پشاور: خیبر پختونخوا کے مستعفی وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک بار پھر اپنا استعفا تحریر کردیا، جو آج باضابطہ طور پر گورنر خیبر پختونخوا کو ارسال کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس بار انہوں نے استعفا اپنے ہاتھ سے لکھا ہے تاکہ کسی ممکنہ قانونی پیچیدگی یا تکنیکی اعتراض سے بچا جا سکے۔
پی ٹی آئی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے اپنے فیصلے پر مشاورت مکمل کرلی ہے اور وہ وزارتِ اعلیٰ چھوڑنے کے فیصلے پر مکمل طور پر قائم ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ پارٹی کے اندرونی حلقوں میں اس اقدام پر مختلف آرا پائی جا رہی ہیں، تاہم گنڈاپور اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ موجودہ سیاسی حالات میں یہ فیصلہ بہتر سمجھا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہاتھ سے لکھے گئے استعفے کی نئی کاپی آج گورنر خیبر پختونخوا کو بھجوائی جائے گی، جس کے بعد صوبے میں ممکنہ سیاسی تبدیلیوں کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں کا کہنا ہے کہ گنڈاپور کے استعفے کے بعد پارٹی کے اندر قیادت کے حوالے سے اہم مشاورت شروع ہو چکی ہے، جس میں سہیل آفریدی کے نام کو حتمی طور پر سامنے لایا گیا ہے۔