پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہونے کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گورنر ہاؤس ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفیٰ وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے انسدادِ بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی کے ذریعے گورنر ہاؤس پہنچایا گیا، جہاں اسے کیئرٹیکر افسر کے حوالے کیا گیا۔ افسر نے استعفیٰ وصول کرنے کے بعد باضابطہ رسید جاری کی، جس پر وقت دوپہر ڈھائی بجے درج ہے۔
ایک جی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ انہیں وزیراعلیٰ کا ہاتھ سے تحریر کردہ استعفیٰ موصول ہوا ہے جس پر 11 اکتوبر کی تاریخ درج ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیگل ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ استعفے کے آئینی اور قانونی پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے۔ قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد ہی اس پر باضابطہ عملدرآمد کیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس آئین کے تحت ہر مرحلہ شفافیت کے ساتھ مکمل کرے گا۔ اُن کے بقول، وزیراعلیٰ کا استعفیٰ بظاہر اپنی مرضی اور وفاداری کی بنیاد پر دیا گیا ہے، تاہم اس کی جانچ آئینی ضابطوں کے مطابق ہوگی۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور نے اس سے قبل 8 اکتوبر کو ایک ٹائپ شدہ استعفیٰ بھی ارسال کیا تھا، تاہم وہ استعفیٰ پراسرار طور پر گم ہوگیا جس کے بعد وزیراعلیٰ نے اپنے ہاتھ سے نیا استعفیٰ تحریر کیا، موجودہ استعفے کی وصولی کے بعد صوبے میں آئینی عمل کے اگلے مراحل جلد طے کیے جائیں گے۔