ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

عمران خان کی سابق خوشدامن لیڈی انیبل گولڈ اسمتھ چل بسیں

 لندن:۔ سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ کی والدہ اور برطانوی سماجی شخصیت لیڈی انیبل گولڈ اسمتھ 91 سال کی عمر میں چل بسیں۔

آنجہانی لیڈی انیبل 11جون 1934کو لندن میں پیدا ہوئیں۔ وہ برطانوی اشرافیہ کے ایک معزز خاندان سے تعلق رکھتی تھیں، ان کی پہلی شادی مارک برلی سے ہوئی، جنہوں نے لندن میں مشہور نائٹ کلب انیبلز (Annabels) قائم کیا، جس کا نام انہوں نے اپنی اہلیہ کے نام پر رکھا۔ بعد ازاں انہوں نے معروف بزنس مین سر جیمز گولڈ سمتھ سے شادی کی۔

لیڈی انیبل کے تین بچے ہیں، جمائمہ، زیک، اور بین گولڈ اسمتھ، ان کی بیٹی جمائمہ گولڈ اسمتھ نے 1995ءمیں عمران خان سے شادی کی تھی، یوں لیڈی انیبل کچھ عرصہ کے لیے عمران خان کی ساس رہیں۔ لیڈی انیبل لندن کی سماجی اور ثقافتی تقریبات میں نمایاں مقام رکھتی تھیں۔ وہ کئی دہائیوں تک برطانوی اعلیٰ طبقے کی نمایاں چہروں میں شمار ہوتی رہیں اور ان کا نائٹ کلب انیبلز عالمی شہرت رکھتا تھا۔

انہوں نے اپنی زندگی پر ایک کتاب Annabel: An Unconventional Life بھی تحریر کی جس میں انہوں نے اپنی غیر معمولی زندگی کے تجربات اور برطانوی سماجی دنیا کے رنگ بیان کیے۔ ان کے خاندان نے ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

برطانوی میڈیا نے انہیں “ایک عہد کی علامت” قرار دیتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ پاکستان میں بھی ان کے انتقال کی خبر کو توجہ ملی ہے، کیونکہ ان کا تعلق براہِ راست عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ کے ذریعے پاکستان سے جڑا رہا۔

  • ویب ڈیسک

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں