اسلام آباد: حکومت اور تنظیمات اہلِ سنت پاکستان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اہم نکات پر اتفاق طے پایا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورت کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں تنظیمات اہلِ سنت کے وفد کی قیادت پیرزادہ محمد امین قادری نے کی جب کہ وفد میں ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر الوری، پیر میاں عبد الخالق قادری، ڈاکٹر میر آصف اکبر اور ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان شامل تھے۔
مذاکرات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں سیل کی گئی تمام مساجد کو فوری طور پر کھولا جائے گا اور آئندہ کسی مسجد کو سیل نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح ڈی جی آر ای سے رجسٹرڈ تمام مدارس کو بھی فوری طور پر کھولنے پر اتفاق ہوا۔
دونوں فریقوں نے بے گناہ کارکنان کی رہائی پر بھی اتفاق کیا۔ اس ضمن میں تنظیمات اہلِ سنت نے حکومت کو ان افراد کی فہرست فراہم کرنے کا عندیہ دیا ہے جنہیں بلا جواز حراست میں لیا گیا تھا۔
تنظیمات اہلِ سنت نے ملک میں امن و امان کے قیام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
علاوہ ازیں یہ بھی طے پایا کہ مذہبی اور قومی معاملات پر باہمی مشاورت کا سلسلہ مستقبل میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔