وفاقی کابینہ نے گوادر اور عمان کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس فیصلے کا مقصد پاکستان اور عمان کے درمیان سمندری رابطوں اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ منظوری کے بعد یہ سروس بہت جلد باقاعدہ طور پر شروع کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان اور عمان جلد ہی فیری لنک کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کریں گے۔ اس سلسلے میں عمان کا ایک وفد پاکستان کا دورہ بھی کرے گا تاکہ تمام انتظامات اور تکنیکی معاملات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
جنید انوار چوہدری نے مزید بتایا کہ نئے فیری روٹ کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ اس منصوبے سے عوام کو بہتر سفری سہولت بھی میسر آئے گی اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔