نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ماسکو میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعاون اور علاقائی اشتراک کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں ایس سی او کے رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت بھی شریک تھے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے تمام رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں اقتصادی تعاون کو وسعت دینا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اس سے قبل شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ایس سی او ہنگامی حالات اور انسانی بحرانوں سے نمٹنے میں علاقائی سطح پر مؤثر کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ٹیکنالوجی پر مبنی ایک مربوط ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم تیار کیا ہے، اور پاکستان چاہتا ہے کہ علاقائی سطح پر آفات سے نمٹنے کی تیاری بہتر بنانے کے لیے ایس سی او شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ مشقیں منعقد کی جائیں۔