الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کو 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد کی جانب سے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بھی ایک تفصیلی مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا کہ طلال چوہدری مسلسل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے رہے۔
انہیں متعدد بار فون کے ذریعے آگاہ کیا گیا کہ ان کا طرزِ عمل انتخابی قواعد کے منافی ہے، تاہم بار بار یاد دہانی کے باوجود انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا۔ مراسلے میں بتایا گیا کہ دو نوٹس جاری کیے گئے مگر اس کے باوجود کوئی بہتری نہیں آئی، جس کے بعد جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مانیٹرنگ آفیسر نے یہ بھی کہا کہ معاملہ مزید کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا گیا ہے۔