پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ ن کی کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’الحمدللہ، شیر کامیاب ہوگیا‘‘۔ انہوں نے اپنے بیان کے ساتھ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
پنجاب کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن بھرپور برتری کے ساتھ کلین سوئپ کے قریب ہے اور تحریک انصاف کی خالی کردہ تمام نشستوں پر ن لیگ کے امیدوار سبقت لے رہے ہیں۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 129 میں مسلم لیگ ن کے حافظ نعمان نے 63 ہزار 441 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ ساہیوال کے حلقہ این اے 143 میں محمد طفیل جٹ ایک لاکھ 36 ہزار 223 ووٹ لے کر فاتح رہے۔ ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے 185 میں تمام 226 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق محمود قادر خان نے 82 ہزار 413 ووٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کی، یہ نشست زرتاج گل کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔
ساہیوال کے صوبائی حلقہ پی پی 203 میں مسلم لیگ ن کے محمد حنیف 46 ہزار 900 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ فیصل آباد کے حلقہ پی پی 115 میں محمد طاہر پرویز نے 49 ہزار 46 ووٹ حاصل کرکے میدان مار لیا۔