راولپنڈی:پاکستان اور چین کی افواج کے درمیان مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق ’’واریئر-IX‘‘ جاری ہے،
مشق کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کے مابین انٹرآپریبلٹی میں اضافہ اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دو ہفتے پر مشتمل مشق 28 نومبر کو شروع ہوئی اور جو 14 دسمبر کو مکمل ہوگی ۔
چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ اور اعلیٰ چینی عسکری حکام نے مشق کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف بھی تقریب میں شریک تھے۔ شرکا کو مشق کے مقاصد، دائرہ کار اور مراحل پر بریفنگ دی گئی، جس کے بعد دونوں ممالک کی افواج کی جانب سے مختلف انسدادِ دہشت گردی ڈرلز کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا گیا۔ مشترکہ مشق دونوں ممالک کے مضبوط دفاعی تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔