ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

 گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو این ایف سی میں فوری حصہ دیا جائے، نواز شریف کا مطالبہ

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مطالبے کا انتظار کیے بغیر خود ہی انہیں نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) میں حصہ دینا چاہیے، دونوں خطوں کے مالی حقوق کو آئینی اور منظم طریقے سے طے کرنا ناگزیر ہے، تاکہ ہر سال ان کی ضرورت کے مطابق مخصوص بجٹ فراہم کیا جا سکے۔

 گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات کے لیے ٹکٹ ہمیشہ میرٹ پر دیے جائیں گے اور اس اصول پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،  پارٹی کے اندرونی اختلافات نے ماضی میں کئی نشستوں پر نقصان پہنچایا، اس بار ایسے عناصر کو مکمل طور پر الگ رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق جو رہنما پارٹی کے اندر کشیدگی یا گروہ بندی کا حصہ بنے، انہیں انتخابی عمل سے دور رکھا جائے گا۔

نواز شریف نے کہا کہ موجودہ سیاسی فضا مسلم لیگ (ن) کے لیے سازگار ہے، ٹکٹوں کے لیے آنے والے امیدواروں میں فرق کرنا ضروری ہے، اپنے اور پرائے کی پہچان رکھنا بہت ضروری ہے، اس میں غلطی کی گنجائش نہیں ہے ۔

این ایف سی ایوارڈ سے متعلق گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ خود دونوں خطوں کے لیے فنڈز کا اعلان کرے کیونکہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں گلگت اسکردو ہائی وے جیسے بڑے منصوبوں پر 53 ارب روپے خرچ کیے گئے، جو کسی ممکنہ این ایف سی شیئر سے بھی کہیں زیادہ تھے،  گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ابھی اتنی مالیاتی صلاحیت موجود نہیں کہ بڑے بجٹ کو مکمل طور پر خرچ کیا جا سکے، اس لیے وہاں استعداد بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔

نواز شریف نے وفاقی وزیر احسن اقبال کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف تک پارٹی کا پیغام پہنچائیں کہ دونوں خطوں کو سالانہ بنیادوں پر مخصوص اور مستقل فنڈز دیے جائیں، ٹکٹوں کے فیصلے کے لیے وہ خود مظفر آباد، گلگت یاا سکردو جائیں گے اور امیدواروں سے ملاقات کے بعد حتمی رائے قائم کریں گے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں