ایران کے وسطی علاقے میں ہائی وے پر پیش آنے والے ایک المناک ٹریفک حادثے میں درجن سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مسافروں سے بھری بس اصفہان سے شمال مشرقی شہر مشہد کی جانب جا رہی تھی کہ دورانِ سفر حادثے کا شکار ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بس ہائی وے کے مرکزی گارڈ ریل سے ٹکرا گئی، جس کے بعد وہ بے قابو ہو کر مخالف سمت کی لین میں جا گری۔ بس الٹنے کے دوران سامنے سے آنے والی ایک ٹیکسی بھی اس کی زد میں آ گئی، جس سے حادثے کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔
حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار 11 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ ٹیکسی میں موجود دو افراد بھی جانبر نہ ہو سکے۔ اس طرح جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق حادثے میں خواتین سمیت 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔