ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید کا رواں ہفتے پاکستان کے دورے کا اعلان

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان جمعہ کو پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچیں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان 26 دسمبر کو سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، جہاں ان کے استقبال کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاریاں جاری ہیں۔ معزز مہمان کی پاکستان آمد پر انہیں شایانِ شان اور پرتپاک استقبال فراہم کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے صدر اپنے دورۂ پاکستان کے دوران وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سمیت ملک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور پاک، یو اے ای تعاون کو مزید وسعت دینے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے متعدد اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، جن کا مقصد سرمایہ کاری، تجارت اور دیگر کلیدی شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے۔

یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ دونوں قیادتیں باہمی تعاون کو نئی جہتوں سے روشناس کرانے پر بھی غور کریں گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں