لاہور:پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر موٹروے پولیس نے مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کی شدت کے باعث ڈرائیونگ خطرناک ہو چکی ہے، اسی لیے حادثات سے بچاؤ کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو (M-2) لاہور سے کوٹ مومن تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم تھری (M-3) فیض پور سے درخانہ تک بند ہے، جہاں حدِ نگاہ چند میٹر تک محدود ہو گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں گاڑی چلانا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
موٹروے پولیس نےمزید کہا کہ موٹروے ایم فور (M-4) پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک شدید دھند کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث اس روٹ کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم فائیو (M-5) ملتان سے ظاہر پیر تک بند ہے، جہاں دھند کے باعث سامنے کا منظر واضح نظر نہیں آ رہا۔
موٹروے پولیس کے مطابق سیالکوٹ موٹروے ایم الیون (M-11) کو بھی شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔ اس روٹ پر حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ٹریفک کو روک دیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو دن کے اوقات میں روانہ ہوں۔ ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس کا درست استعمال کریں، لین کی پابندی کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کی صورتحال بہتر ہوتے ہی موٹرویز کو مرحلہ وار ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کریں تاکہ کسی پریشانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔