تہران: ایران میں جاری مظاہروں اور بےامنی کے دوران جاں بحق ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کی نمازِ جنازہ دارالحکومت تہران میں ادا کر دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ، تہران یونیورسٹی اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر لوگوں کا اژدھام تھا ۔ شرکا نے ایرانی پرچم، سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور اپنے جاں بحق عزیزوں کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق جاں بحق سیکورٹی اہلکاروں کے تابوت ایرانی پرچموں میں لپیٹ کر بڑے ٹرکوں پر رکھے گئے تھے، جن پر سرخ اور سفید گلاب نچھاور کیے گئے، جبکہ فضا سوگ اور جذباتی نعروں سے گونجتی رہی۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران جاری بدامنی میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
ایران میں حالات بدستور کشیدہ ہیں اور سیکورٹی فورسز کی جانب سے مختلف شہروں میں سخت اقدامات جاری ہیں۔