اسلام آباد میں پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں اور مالیاتی جدت کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیئرمین پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کو پاکستان کے ڈیجیٹل وژن سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، شفافیت اور عوامی رسائی حکومت کی ترجیح ہے، اور ڈیجیٹل ادائیگیاں اور مالیاتی جدت ڈیجیٹل معیشت کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی منڈیوں میں بڑھتی عالمی دلچسپی خوش آئند ہے اور ملک عالمی ڈیجیٹل فنانس کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔
ورلڈ لبرٹی فنانشل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زچری وِٹکوف نے پاکستان کے ساتھ محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل ادائیگی کے بنیادی ڈھانچے پر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی، جس میں سرحد پار سیٹلمنٹ اور زرمبادلہ کے حصول و ادائیگی کے عمل میں جدید طریقے شامل ہیں۔
مفاہمتی یادداشت کے دستخط سے دونوں فریقین کے درمیان ڈیجیٹل مالیاتی تعاون مضبوط ہوگا اور پاکستان میں جدید ادائیگیوں کے نظام کو فروغ ملے گا۔