بھارت کے بنگلورو ائیرپورٹ پر ایک کورین خاتون مبینہ طور پر گراؤنڈ اسٹاف کے ایک رکن کی جانب سے جنسی ہراسانی کا شکار ہو گئی۔
خاتون نے پولیس میں درج شکایت میں بتایا کہ وہ 19 جنوری کو کوریا جانے والی پرواز کے لیے ائیرپورٹ پر موجود تھیں۔
شکایت کے مطابق، عملے کا ایک مرد رکن، محمد عفان، خاتون کے پاس پہنچا اور ٹکٹ دکھانے کو کہا۔ خاتون نے دعویٰ کیا کہ چیک ان کے سامان میں کوئی مسئلہ نہیں تھا، مگر عفان نے انہیں مردوں کے واش روم کے قریب لے جا کر مبینہ طور پر غیر اخلاقی طور پر چھوا۔ خاتون کی مزاحمت کے باوجود ملزم نے گلے لگا کر شکریہ کہا اور وہاں سے چلا گیا۔
خاتون نے فوری طور پر ائیرپورٹ سکیورٹی کو اطلاع دی، جس کے بعد عفان کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کیا گیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ بھی لیا اور ملزم کی قابل مذمت حرکت کی تصدیق کی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔